بلوچستان میں کوئلے کی کان میں حادثہ،3 کان کن جاں بحق،2بےہوش
بلوچستان کے علاقے دکی کے قریب کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے 3 کان کن جاں بحق اور2 بے ہوش ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ چمالانگ کےعلاقے 6 فٹی میں پیش آیا جہاں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر گئی۔ واقعے کے بعد ہزاروں فٹ گہری کان میں آکسیجن کی کمی پیدا ہوگئی اور 5 کان کن دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہوگئے۔ کان کنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بے ہوش ساتھیوں کو باہر نکالا۔
اس دوران 3 کان کن دم توڑ چکے تھے۔ 2 کان کنوں نعمت اور جلال الدین کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق کان کنوں میں عبدالرحمان ولد محمد خان اور اختر محمد ولد کرم خان ژوب کے رہائشی جبکہ قطب الدین ولد سلطان کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے تھا۔
تینوں لاشیں سول اسپتال لورالائی پہنچائی گئیں اور ضابطے کی کارروائی کے بعد آبائی علاقے ژوب اور قلعہ سیف اللہ روانہ کردی گئیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں کوئلے کی کانوں میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث ہر سال اوسطاً سو سے زائد کان کن جان کی بازی ہارجاتے ہیں۔