لورالائی میں دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی لورا لائی میں ایف سی ٹریننگ سینٹر کے رہائشی کمپانڈ پر حملے کی کوشش میں 4 جوان شہید جب کہ جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) بلوچستان کے علاقے لورالائی میں واقع ایف سی ٹریننگ سینٹر کے رہائشی اور انتظامی کمپاؤنڈ پر دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، تاہم دہشت گردوں کو انٹری پوائنٹ پر ہی روک لیا گیا، جس سے وہ اپنے ہدف تک نہیں پہنچ پائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں ناکامی پراندھا دھند فائرنگ شروع کی، جس کے نتیجے میں 4 جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے، زخمی اہلکاروں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ شہدا میں صوبیدارمیجرمنور، حوالداراقبال خان، حوالدار بلال اور سپاہی نقشب شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک خود کش بمبار سمیت 4 دہشت گرد بھی مارے گئے، ان میں سے ایک خود کش بمبار نے آخر میں خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ سیکیورٹی فورسز نے کمپاؤنڈ کو فوری طور پرمحاصرے میں لیا، اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔