بلوچستان
خضدار، دستی بم دھماکے میں 3 بچے جاں بحق
خضدار: بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل ناگ میں دستی بم کا دھماکا ہوا ہے۔ جس کے باعث تین بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق دستی بم اس وقت پھٹا، جب چار بچے اس سے کھیل رہے تھے۔ جاں بحق بچوں میں عمر، احسن اور اسماء شامل ہیں۔ لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچی لال بی بی کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثہ دن 12 بجے پیش آیا۔ جاں بحق بچوں کی عمریں سات سے دس برس کے درمیان تھیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق دھماکہ تحصیل ناگ کے کلی بہرام میں ہوا ہے۔ اس سے قبل بھی بلوچستان میں اس قسم کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ اکثر وبیشتر نہ پھٹنے والے دستی بم بچوں کے ہاتھوں میں اس وقت پھٹ جاتے ہیں جب وہ اسے کھلونہ سمجھ کر اس سے کھیلنے لگتے ہیں اور حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں۔