کوئٹہ: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کوئی حکومت آٹھ ماہ میں نتائج نہیں دے سکتی ہے اور ہم سب سے پہلے فنانشل ماڈل ٹھیک کررہے ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ کل پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے وفاق ہر طرح کا تعاون کرے گا، اس طرح کے واقعات میں ملوث عناصر کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہوتا، دوسروں کو جانی نقصان پہنچانے والوں کو ذہنی مریض سمجھتا ہوں۔
انہوں نےکہا کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، جن ملکوں میں امن و امان بہتر ہے وہاں بھی دہشت گردی کے واقعات ہوتے ہیں، امریکا اور برطانیہ میں بھی ایسے واقعات ہوجاتے ہیں، تعلیم کے ذریعے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، تعلیم، صحت اور امن و امان کو بہتر کرنا ہوگا، اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہوگا، ہم سب سے پہلے فنانشل ماڈل ٹھیک کررہے ہیں، کوئی حکومت آٹھ ماہ میں نتائج نہیں دے سکتی ہے۔