پرانے لوگوں کو وزارتیں دے کر نیا پاکستان بنایا جا رہا ہے، عبدالقادر بلوچ
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر جنرل عبدالقادر بلوچ منعقد ہوا، صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے تنظیمی امور پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں ملک طاہر خان کاکڑ، نصیر خان اچکزئی، نوابزادہ شہریار نوشیروانی، میر گوہر خان مینگل، محمد رحیم کاکڑ، آغا شاہ حسین، ملک اسد اللہ سمالانی، محمد حسین گولہ، تاج محمد زہری، حضرت علی اچکزئی، عبدالوہاب اٹل، جلیل خان موسٰی خیل، ملک یونس بلوچ اور میڈیا کورآرڈینیٹر شاکر محمد حسنی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی اور سیاسی حوالے سے زیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اراکین نے اپنی تجاویز صوبائی کابینہ میں پیش کیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی الیکشن کیلئے بھرپور تیاری کی جائے گیم پارٹی ذمہ داران اور ورکرز عوام سے قریبی تعلق رکھیں۔ اجلاس سے صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ کوئٹہ ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزام لگانے کی بجائے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، وہی پرانے لوگوں کو وزارتیں دی گئیں جو کبھی مسلم لیگ (ن) اورکبھی پیپلز پارٹی میں وزیر تھے، کیا تبدیلی کی باتیں اس لئے ہورہی تھی کہ پرانے ہی لوگوں کو وزارتیں دیکر نیا پاکستان بنایا جائے۔ حکومت عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرے۔ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، موجودہ حکومت نے مختصر مدت میں خود کو بےنقاب کردیا ہے۔ وزاء کی تبدیلی سے عوام کا دل نہیں جیتا جا سکتا، پارٹی قائدین پر بےبنیاد الزامات اور احتساب کے نام پرانتقامی کارروائیوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں، ملکی ترقی میں مسلم لیگ (ن)کا اہم کردار ادا کیا ہے، جیلوں سے ڈرا دھمکا کر پارٹی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا، آنے والا دور دوبارہ مسلم لیگ (ن)کا ہوگا۔