گوادر کے علاقے جیونی میں فائرنگ
بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے جیونی میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے کوسٹ گارڈ کی گشت پر مامور گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق ہوئے تاہم موٹر سائیکل سوار جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ مسلح افراد نے کوسٹ گارڈ کی گاڑی کو اُس وقت نشانہ بنایا کہ جب اہلکار خریداری کی غرض سے جیوانی بازار کی ایک دکان پر کھڑے تھے، فائرنگ کے نتیجے میں 2 دکاندار صابر ولد صلاح الدین سکنہ اور عابد حسین زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا
فائرنگ کے نتیجے میں کوسٹ گارڈز کے دو اہلکار نائیک محمود اور سپاہی اشتیاق احمد موقع پر دم توڑ گئے، ایس ایچ او جیونی چاکر خان بلوچ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا بعد ازاں عابد حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
واقعہ کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔۔۔متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
فائرنگ کے حوالے سے ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ نامعلوم مسلح افراد موٹر سائیکل پر آئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس میں دو اہلکار جبکہ تین دکاندار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ تیز کردیاہے۔