جام کمال کی حکومت جام ہو چکی ہے، اس کے پہیے اب نہیں چل رہے ہیں، اسلم رئیسانی
کوئٹہ: سابق وزیراعلٰی بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی نواب محمد اسلم رئیسانی نے نال میں مقامی صحافیوں سے مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جام کی حکومت جام ہو چکی ہے اس کے پہیے اب نہیں چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھوکہ دینے والے اب تھک چکے ہیں اب مزید ان میں دھوکہ دینے کی سکت نہیں ہے، یوں محسوس ہوتا ہے کہ بجٹ کے بعد اس حکومت کے پہیے بدلنے ہونگے، اپوزیشن کی جماعتیں اپنے ایجنڈے کو سامنے لائیں گی، بلوچستان میں حکومت کرنے والے آسانی کی بات کررہے ہیں کیونکہ ان کو ایک آسان ایجنڈے کے تحت حکومت حوالہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امن و امان کیلئے خرچ ہونیوالے فنڈز ہمارے محدود وسائل پر بہت بڑا بوجھ ہے، جام کمال
ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندگی کی توہین اس سے زیادہ کیا کہ ان کے نمائندوں کو نکیل ڈال کر کھینچا جائے اس وقت تک بلوچستان کی نمائندگی نہ ہونے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل سے ہم ہاتھ دھو رہے ہیں بلکہ ان کا سودا کیا گیا ہے، ہم بین الاقوامی عدالتوں میں بلوچستان کا مقدمہ ہار چکے ہیں ہماری حکومت میں ہر ممکن کوشش ہوئی کہ ہم اپنے وسائل کا سودا نہ کریں تمام قسم کی مخالفتوں اور دباؤ کو برداشت کیا، پرکشش پیش کشیں ٹھکرائیں لیکن ہم اپنی موقف پر مضبوطی سے ڈٹے رہے۔