بریکنگ یارڈ میں آئل ٹینکرز، ایل پی جی کنٹینرز کی کٹائی پر تاحکم ثانی پابندی عائد
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ زہری نے فوری طور پر گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی کٹائی پر تاحکم ثانی پابندی عائد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
جمعرات کو جاری ہونے والے ایک سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایت کوئٹہ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران دی۔
گڈانی کراچی کے قریب بلوچستان کا ساحلی علاقہ ہے جہاں پاکستان کی واحد اور ایشیا کے بڑے شپ بریکنک انڈسٹریز میں سے ایک واقع ہے۔
اس شپ بریکنگ یارڈ میں گذشتہ سال نومبر اور رواں سال جنوری میں دو ناکارہ آئل اور ایل پی جی ٹینکروں میں آگ لگنے سے 30سے زائد مزدور ہلاک ہوئے تھے۔
اعلامیے کے مطابق آتشزدگی کے حادثات کی روک تھام کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اجلاس میں شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ شپ بریکنگ یارڈ میں محنت کشوں کی فلاح وبہبود اورتحفظ کے لیے مناسب انتظامات موجود نہیں۔
وزیر اعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی کٹائی پر پابندی عائد رہے گی۔ تاہم پہلے سے لنگر انداز آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی مکمل صفائی کے بعد ان کی کٹائی کی اجازت ہوگی تاکہ آتشزدگی کا خطرہ نہ رہے۔
اجلاس میں گڈانی شپ بریکنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی