کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی مستعفی ہوگئے، انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دیا
رواں سال اپریل میں وزیراعظم عمران خان نے گورنر بلوچستان سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنربلوچستان کو خط لکھا تھا جس میں ان سے مستعفی ہونےکا کہا گیا تھا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں نیاگورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں، آپ سے درخواست ہےکہ مستعفی ہو جائیں۔
گورنربلوچستان نے وزیراعظم کے خط پر استعفیٰ دینےسےمعذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئینی طریقے سے معاملہ چلنا چاہیے، صدر کہیں گے تو استعفیٰ دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں:اس ماہ بلوچستان کو اس کے حصے سے 44 فیصد پانی کم ملا
وفاقی حکومت نے تین اکتوبر 2018 میں محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد امان اللہ یاسین زئی کو نیا گورنر نامزد کیا تھا۔
جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی 7 اگست 1954 کو پیدا ہوئے، 27 جنوری 1997 میں بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور جج تعینات ہوئے، 14 ستمبر 2005 کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنے اور 5 اگست 2009 تک بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔