بلوچستان

آرمی چیف کا آواران کا دورہ، امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ

آواران: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے آواران کا دورہ کیا، جہاں انہیں علاقے کی سیکورٹی کی صورت اور پاک آرمی کی کمیونٹی سروسز پر بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج بلوچستان میں ترقیاتی کوششوں میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے آواران کا دورہ کیا۔ جہاں پر انہیں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ انہیں جنوبی بلوچستان میں فوج اور ایف سی کے کمیونٹی معاونت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاک فوج نے آواران میں سول انتظامیہ سے مل کر1لاکھ50ہزار افراد کو طبی سہولیات فراہم کیں، جبکہ 200 بچوں کو پاک فوج کی جانب سے قائم سکول میں مفت تعلیم کی سہولیات دی جار ہی ہیں، ایف سی نے حال ہی میں آواران میں ایک نیا سکول قائم کیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے پاک آرمی اور ایف سی کی کوششوں کو سراہا جن کے باعث علاقے میں امن و امان قائم ہوا۔ امن و امان بہتر بنانے میں پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کا کردار قابل ستائش ہے۔ اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے مقامی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ مقامی عمائدین نے امن و امان کی بہتر صورت حال پر پاک فوج کی کوششوں کو سراہا اور علاقے میں امن و امان بہتر بنانے کے لئے پاک فوج کا ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا۔ آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسزکی حمایت کرنے پر مقامی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close