بلوچستان

حکمران وہی کررہے ہیں جو ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان میں کیا، عمران خان

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاسی کمپنیاں ملک سے پیسے چوری کرکے باہر بھیج رہی ہیں اور پاکستان میں حکمران طبقہ وہی کام کر رہا ہے جو ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان میں کیا۔ کوئٹہ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سب کچھ دیا لیکن سب کچھ ہونے کے باوجود ملک میں بےروزگاری ہے، حالانکہ پاکستان دنیا کا امیر ترین ملک بن سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شریف خاندان لمیٹڈ کمپنی کی حکومت ہے، سندھ میں زرداری خاندان کی کمپنی ہے، اسفندیار، اچکزئی اور مولانا فضل الرحمٰن کی بھی کمپنیاں ہیں اور یہ کمپنیاں امیر اور قوم غریب ہوتی جارہی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی کمپنیاں ملک سے پیسے چوری کرکے باہر بھیج رہی ہیں، لوگ ہر چیز پر ٹیکس دیتے ہیں اور اقتدار میں آنے والے عوام کا پیسہ چوری کرتے ہیں، جبکہ پاکستان میں حکمران طبقہ وہی کام کر رہا ہے جو ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان میں کیا۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کے پیسے سے لندن میں جائیدادیں بنائیں، منی لانڈرنگ کے ذریعے ہر سال پاکستان سے ایک ہزار ارب روپے باہر جاتے ہیں، جبکہ عوام پر خرچ ہونے والا پیسہ بیرون ملک جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر بلوچستان کا نوجوان ترقی نہیں کرسکتا، کرپشن کی وجہ سے بلوچستان کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے جبکہ دنیا آگے جا رہی ہے اور کوئٹہ پیچھے جا رہا ہے۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے عبوری حکم سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کلبھوشن نے دہشت گردی کا اعتراف کیا، اس نے کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا، کلبھوشن نے تسلیم کیا کہ وہ ’را‘ کا ایجنٹ ہے، عالمی عدالت کلبھوشن کو بچا لیتی ہے تو بھارت خوش ہوتا ہے حالانکہ اگر بھارت پاکستان کا ایجنٹ پکڑتا تو اس نے پھر عالمی عدالت کی پروا بھی نہیں کرنی تھی۔

وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں آپ پاکستان کے مفادات کے لیے نہیں اپنے مفاد کے لیے کھڑے ہیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ نوازشریف قوم سے سچ بولیں، وہ قوم کو بتائیں کہ ملک سے باہر ان کے کیا کاروباری مفادات ہیں، نوازشریف بتائیں کہ ان کے بزنس پارٹنر کون ہیں، بتائیں کہ ہندوستان میں آپ کے بچوں کے کون سے بزنس پارٹنر ہیں، جبکہ جے آئی ٹی تحقیقات کرے کہ نوازشریف اور ان کے اہل خانہ کے ملک سے باہر کیا بزنس ہیں۔ سوشل میڈیا سے متعلق قوانین سخت کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے سوشل میڈیا کے لوگوں کو ہاتھ نہ لگاؤ، ہم کسی صورت تمہیں لوگوں کی آواز دبانے نہیں دیں گے، جبکہ نوازشریف سن لیں میڈیا یا سوشل میڈیا کی آزادی کو نقصان پہنچایا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close