بلوچستان

بلوچستان کے نوجوانوں کو دہشت گردی اور بیرونی ایجنسیوں کے چنگل سے نکالنے کیلئے وفاقی اداروں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں:جان اچکزئی

کوئٹہ:ممتازسیاسی رہنما و دانشور جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو دہشت گردی اور بیرونی ایجنسیوں کے چنگل سے نکالنے کیلئے وفاقی اداروں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں ۔یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے چیلنجز اور مواقعوں سے پورے ملک اور دنیا کو روشناس کرانے کی آج اشد ضرورت ہے بلوچستان میں بدامنی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہے سی پیک کی طرح منصوبے اب صوبے کوترقی اورخطے میں تجارتی مرکز میں بدلنے کیلئے تیار ہیں اس لئے بلوچستان کے حوالے سے امید کا نیا بیانیہ دینے کی ضرورت ہے جو بلوچستان کی روشناسی کے بغیرممکن نہیں ہے اس لئے انہوں نے بلوچستان کے نام سے ایک قومی سطح کا تھینک ٹینک بنانے کا فیصلہ کیا ہے یہ تھینک ٹینک بلوچستان کے حقائق اور نئے مواقعوں کو پروپیگنڈے اورمنفیت سے نکال کر ایک مثبت بیانیہ دینے کی کوشش کریگا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی کا محور بنے گا لہذا مرکزی حکومت کو صوبے کی انتظامی صلاحیت بڑھانے اورپنجاب کی طرح نواب ثناء اللہ زہری کی حکومت کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے چونکہ پنجاب کے بعدبلوچستان میں بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے وزیراعظم کو صوبے کے فوری نوعیت کے مسائل کے حل کی کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دیہی علاقوں میں 16گھنٹے بجلی نہیں ہوئی پینے کا صاف پانی بلوچستان کے اکثر علاقوں میں نہیں ہے جس کی وجہ سے ہیپاٹائٹس کی بیماری نے پورے صوبے کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت نے جنگی بنیادوں پر ڈیمو ں اور س یلینشن پلانٹس کا بندوبست نہیں کیاتو لاکھوں لوگ بلوچستان سے نقل مکانی پر مجبور ہونگے۔انہوں نے دہشت گردی کی کمر توڑنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ بلوچستان کو پراکسی جنگوں کے ذریعے غیر مستحکم کرنے کا بیرونی ایجنڈا جلد شکست سے دوچار ہوگا۔جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو دہشت گردوں اوربیرونی ایجنسیوں کے چنگل سے نکالنے کیلئے وفاقی محکموں میں نوکریاں دی جائیں وفاقی اداروں میں بلوچستان کے کوٹے کی مد میں تقریباً35ہزار نوکریوں پر صوبے کے نوجوانوں کو تعینات کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گریڈ22کے تقریباً 50افسروں میں بلوچستان کی کوئی نمائندگی نہیں ہے فارن مشنز میں بلوچستان سے کوئی سفیر تعینات نہیں ہے جو افسوسناک امر ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری سے مطالبہ کیا کہ پچھلی حکومت میں جن بے روزگار نوجوانوں نے ٹیسٹ و انٹرویو دیئے ہیں انکو ملازمتیں فراہم کی جائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close