جی بی، داریل میں دہشتگردوں کا اسسٹنٹ کمشنر امیر اعظم کی گاڑی پر حملہ
داریل: داریل میں دہشت گردوں کے حملے میں اسسٹنٹ کمشنر داریل امیر اعظم حمزہ کے ڈرائیور سمیت گاڑی میں سوار شخص بال بال بچ گئے، خوش قسمتی سے اے سی داریل گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پھگیچ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب گاڑی اے سی داریل امیر اعظم حمزہ کی والدہ کو مولانا عیسٰی خان کی عیادت کیلئے ان کے گھر چھوڑ کر واپس گماری جارہی تھی۔ ان کے گھر سے چند سو میٹر کے فاصلے پر واقع بڑے پتھروں کی اوٹ میں گھات لگائے نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں 9 بلٹ گاڑی پر لگے، تاہم گاڑی میں سوار شخص اور ڈرائیور محفوظ رہے۔ واقعے کے فورا بعد اسسٹنٹ کمشنر داریل امیر اعظم حمزہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ دیامر پولیس کو اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نامعلوم دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار ملک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کو ہرگز نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر داریل کی گاڑی پر حملہ معمولی واقعہ نہیں ہم اس کی تہہ تک جائیں گے اور شرپسندوں کی کمر توڑ دیں گے۔ ایسے بزدلانا حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے۔