اسکردو میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 22 گھنٹے
اسکردو میں بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار ہے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 22 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ اسکردو میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں بینظیر چوک، حسن کالونی، کشمراہ، نیانیور سمیت دیگر علاقوں میں احتجاج کیا گیا اور ذمہ داروں کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین سے خطاب میں حاجی حسن نمبردار، غلام محمد چیئرمین علی اور اکبر جمیل نے کہا کہ واپڈا اسکردو شہر میں بجلی کی فراہمی میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور بار بار مشینوں کی خرابی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مزید لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کی جائے گی اور احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔ عوامی حلقوں نے گلگت بلتستان کی اعلٰی عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ عدالت عالیہ بجلی کی فراہمی میں ناکامی اور اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بجلی کی بدترین لودشیڈنگ کا ازخود نوٹس لے تاکہ عوام کو بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے۔