بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد نظام زندگی مفلوج
برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے باوجود بالائی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہے۔ایبٹ آباد اور نتھیاگلی کا ملکہ کوہسار سے زمینی رابطہ بحال نہ ہوسکا۔ آزاد کشمیر کی وادی لیپہ کو دیگر علاقوں سے ملانے والی واحد شاہراہ 2 ہفتوں سے بند ہے۔
شمالی علاقہ جات میں برفباری تو تھم گئی لیکن سیاحوں کی مشکلات ختم نہ ہوئیں۔ ایبٹ آباد سے گلیات اور مری جانے والا راستہ تاحال بند ہے۔ سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
تفریح کیلئے جانے والے مایوس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ دیر کے بالائی علاقے لاموتی، جندرئی، میں سڑکیں برف میں چھپی ہوئی ہیں۔
لواری ٹنل، براول اور ڈوگ درہ میں راستے بحال کرنے کیلئے مشینری پہنچ گئی ہے۔ ادھر آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کے بعد نظام زندگی مفلوج ہے۔ وادی لیپہ کی واحد شاہراہ 2 ہفتوں سے بند پڑی ہے۔ وادی نیلم میں بھی عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ملکہ کوہسار میں حالیہ برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مری میں موجود سیاح دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔