جی بی الیکشن کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج
گلگت بلتستان: جی بی الیکشن میںعوام نے سیاسی جماعتوں سے زیادہ آزاد امیدواروں کو ترجیح دی۔
انتخابات میں پی ٹی آئی 9 نشستیں جیت کر پہلے نمبر پر آگئی،6 نشستوں کے ساتھ آزاد امیدواروں کا دوسرا نمبر ہے۔
گلگت بلتستان انتخابات کے نتائج حیران کن ہونے کے ساتھ معنی خیز بھی ہیں، عوام نے اس مرتبہ سیاسی جماعتوں سے بے زاری ظاہر کی ہے۔
گلگت حلقہ ایک سے نشست پیپلز پارٹی کے امیدوار کے ہاتھ آئی۔ حلقہ دو کا اکھاڑا پیپلز پارٹی کے نام رہا۔ گلگت تین سے انتخاب تحریک انصاف کے امیدوار کے انتقال کے باعث ملتوی ہوئے تھے۔
نگر ایک سے پیپلز پارٹی نے سیٹ حاصل کی ہے، یہیں نگر حلقہ دو سے سیٹ آزاد امیدوار لے اڑے۔ ہنزہ حلقہ چھ سے سیٹ تحریک انصاف کو ملی۔ اسکر دو حلقہ ایک سے نشست پاکستان تحریک انصاف کو ملی۔
مجلس وحدت المسلمین کو واحد نشست اسکردو حلقہ دو سے ملی۔ اسکردو حلقہ تین اور چار سے نشست پی ٹی آئی سے ٹکٹ نہ ملنے والے آزاد امیدواروں نے جیت لیں، پھر پی ٹی آئی نے کھرمنگ، شگر استور ایک اور دو سے نشستیں حاصل کرلیں۔
دیامر ایک سے نشست پیپلز پارٹی کو ملی۔ دیامر دو سے نشست مسلم لیگ ن کے امیدوار نے جیت لی۔ دیامر تین اور چار سے تحریک انصاف نے نشست حاصل کی ہے۔
غذر سے نتیجہ حیران کن ہے۔ ایسا لگتا ہے عوام کسی ایک جماعت کے منشور سے متفق نہیں تھے۔ غذر ایک سے نشست آزاد امیدوار، غذر دو سے پی ٹی آئی اور غذر تین سے نشست مسلم لیگ ن کو ملی۔
یہی حال گانچھے کا بھی نظر آتا ہے۔ گانچھے ایک کی نشست آزاد امیدوار، دوسری بھی آزاد امیدوار اور گانچھے تین پر قبضہ پیپلز پارٹی کا ہوا ہے۔ ابھی یہ غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے ہیں، سرکاری اعلان کے بعد منظر واضح ہوجائے گا۔
گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کل 23 نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 9 نشستیں جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔
6 نشستوں کے ساتھ آزاد امیدواروں کا دوسرا نمبر، جبکہ پیپلز پارٹی نے 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی۔ ن لیگ نے 2 نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔ ایم ڈبلیو ایم نے بھی ایک نشست حاصل کرلی۔