شاہ محمود مسٹر خواہ مخواہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں، ریمنڈ ڈیوڈ معاملے پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر تھے، سعید غنی
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوڈ کے حوالے سے شاہ محمود قریشی اپنا سیاسی قد بڑھانے کے لئے مسٹر خواہ مخواہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں ورنہ حکومتی سطح پر کسی بھی موقع پر ریمنڈ ڈیوڈ کو سفارتی استثناء دینے کی کبھی بات ہی نہیں ہوئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر سعید غنی نے شاہ محمود قریشی کے دعوے کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان پر ریمنڈ ڈیوڈ کو استثناء دینے کے لئے دباؤ ڈالا تھا، پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست نے شاہ محمود قریشی پر زیادہ ہی اثر کر دیا ہے اس لئے ایسے دعوے کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو صدمہ یہ تھا کہ اسے دوبارہ وزیر خارجہ نہیں بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوڈ کے حوالے سے حکومت اور ادارے ایک پیج پر تھے اور حقیقت یہ ہے کہ سیشن جج کے فیصلے پر من و عن عمل کیا گیا، اس زمانے میں ہر بات پر ازخود نوٹس لئے جا رہے تھے، ریمنڈ ڈیوڈ کے حوالے سے ازخود نوٹس کیوں نہیں لیا گیا؟۔ سعید غنی نے شاہ محمود قریشی کو مشورہ دیا کہ وہ خیالی دنیا سے باہر آئیں اور ایسی باتوں سے گریز کریں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہو۔