کوئی طاقت نوازشریف کو 2018 میں الیکشن جیتنے سے نہیں روک سکتی، عابد شیرعلی
اسلام آباد: وزیرمملکت عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام سازش کو سمجھتے ہیں اور کوئی طاقت نوازشریف کو 2018 میں الیکشن جیتنے سے نہیں روک سکتی۔ جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ ہم پر ایک بحران کی کیفیت ہے لیکن ہم گھبرا نہیں رہے، ہم عدالت عظمیٰ کا احترام کرتے ہیں اور عدالتی حکم کی تعمیل کررہے ہیں، تحفظات کے باوجود ہم پیش ہورہے ہیں، شریف فیملی کے کاروبار میں پورے خاندان کو یکجا کیا جارہا ہے جب کہ عمران خان سے تو 10 سال پہلے کی رسیدیں نہیں مل رہیں لیکن شریف خاندان سے 70 کی دہائی سے پہلے کے ثبوت اور رسیدیں مانگی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری ماؤں بہنوں بیٹیوں کو بھی بلایا جارہا ہے جب کہ نوازشریف اوران کے خاندان نے کسی قسم کی کرپشن نہیں کی، رحمان ملک 5 سال وزیرداخلہ رہے اور پرویز مشرف نے 9 سال حکومت کی لیکن 14 سال میں پرویز مشرف اور پیپلزپارٹی کچھ ثابت نہیں کرسکے جب کہ طیارہ سازش کیس میں نوازشریف کو 25 سال کی سزا دی گئی۔
عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے اقتدار میں رہ کر ملک کو لوٹا ان کی جے آئی ٹی کون بنائے گا، ہر بار نوازشریف کے خاندان سے ہی کیوں پوچھا جاتا ہے، رحمان ملک ایف آئی اے کے انسپکٹر تھے، ان کے پاس جائیداد کہاں سے آئی، ان کو جے آئی ٹی میں بلایا گیا لیکن جے آئی ٹی نے ان سے کیوں نہیں پوچھا، پرویزمشرف کو اربوں روپے کے فلیٹ اور کاروبار ملے، کسی ادارے نے پرویزمشرف سے سوال نہیں کیا، پرویز مشرف ایک ادارے کے سربراہ تھے تو ان کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آئے۔