اسلام آباد

جے آئی ٹی دئیے گئے مینڈیٹ سے یو ٹرن لے چکی ہے، آصف کرمانی

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی نے پاناما پیپرز کی تحقیقات ٹیم کو محترمہ کے لقب سے نواز دیا۔ کہتے ہیں کہ جے آئی ٹی دئیے گئے مینڈیٹ سے یو ٹرن لے چکی ہے، دستاویزات کے حصول کیلئے لندن میں لیگل فرم ہائر کی گئی، قطری شہزادے کے بیان کے بغیر رپورٹ نامکمل ہوگی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی جوڈیشل اکیڈمی کے باہر آج خوب برسے، جے آئی ٹی کو صنف نازک یعنی محترمہ کا لقب بھی دے ڈالا، آصف کرمانی نے کہا کہ شریف خاندان نے تمام تصدیق شدہ دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہیں تاہم جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ سے دستاویزات کی کاپی لینے کے بجائے لندن میں لیگل فرم ہائر کی ہے، آصف کرمانی نے قطری شہزادے کے بیان کے بغیر جے آئی ٹی رپورٹ نامکمل قرار دیتے ہوئے کہاکہ قطری شہزادے نے جے آئی ٹی کو آنے کا کہا تھا تاہم ابتک بیان قلمبند کرنے سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، قطری شہزادے کے بیان کے بغیر رپورٹ نامکمل اور اسے تسلیم کرنے میں شدید ترین تحفظات ہوں گے۔

آصف کرمانی نے کہا کہ جے آئی ٹی کو ذمے لندن فلیٹس کی معلومات سونپی گئی تھیں لیکن محترمہ جے آئی ٹی نے مینڈیٹ سے مکمل یو ٹرن لیا ہے، جس مقصد کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی اس میں وہ ناکام رہی ہے، آصف کرمانی نے جے آئی ٹی کی تحقیقات کو یکطرفہ تماشہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ جوڈیشل کمیشن میں حاضری کیلئے شریف خاندان کا کوئی فرد باقی نہیں رہا، غیرمتعلقہ لوگوں کو بھی طلب کیا گیا اب مسلم لیگ نون کے کارکنوں کو بلانا شروع کر دیں، آصف کرمانی نے عمران خان کے نام بھی پیغام دیا کہ سڑکوں پر آنے کی کال کا نتیجہ دیکھ چکے ہیں، وقت آنے پر عمران خان چھپ گئے تھے، شیر نے کال دی تو عمران خان جوتے چھوڑ کر بھاگیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close