اسلام آباد
جے آئی ٹی کے 2 ارکان قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے دوحا روانہ
اسلام آباد: قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے پاناما جے آئی ٹی کے دو ارکان دوحا روانہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق، پاناما پیپرز کی تحقیقات کرنے والی جےآئی ٹی میں شامل ایم آئی کے بریگیڈیئر کامران رشید اور نیب کے عرفان منگی اسلام آباد سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے قطر کے دارالحکومت دوحا روانہ ہوئے۔ جہاں وہ قطری شہزادے حمد بن جاسم کا بیان ریکارڈ کریں گے۔ شہزادہ حمد بن جاسم کی جانب سے چند روز قبل بیان جاری ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ میں ان کے پیش کردہ خط کے ہر لفظ کو ناقابل تنسیخ شہادتوں کے ذریعے درست ثابت کردیں گے۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما بھی اس بات پر زور دیتے آئے ہیں کہ جے آئی ٹی قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرے دوسری صورت میں جے آئی ٹی کی رپورٹ مکمل تصور نہیں کی جائے گی۔