قوم شریفوں سے جواب چاہتی ہے لہٰذا وہ ڈرامے کرنا بند کریں، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ قوم شریفوں سے جواب چاہتی ہے لہٰذا وہ ڈارمے کرنا بند کریں جب کہ وہ بتائیں کے ان کے خلاف کون سازش کررہا ہے۔
بنی گالہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر مسلم لیگ(ن) نے پہلے سپریم کورٹ کے فیصلے پرمٹھائیاں بانٹیں اوراب جب جے آئی ٹی میں تفتیش ہورہی ہے توکسی ٹریجڈی فلم کی طرح آنسو بہائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور پوری قوم میرے اشارے کی منتظر ہے، جس دن (ن) لیگ نے کوئی حرکت کی تو ہم بتائیں گے کہ لوگ کیسے اکٹھے کئے جاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ حدیبیہ پیپرملزمیں شہبازشریف کا نام ہے جو کسی صورت نہیں بچیں گے، شریف خاندان کا سارا بزنس اقتدارمیں آکر کرپشن پرمبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنی چوری بچانے کے لئے جنگ، جیو اور وکلا پر پیسہ خرچ کررہے ہیں، کرپشن کرکے جموریت اور ملک کو کیسے بچایا جاسکتا ہے اور جب جے آئی ٹی کو نہ خرید سکے تو اسے بدنام کرنا شروع کر دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ (ن) لیگ والے سپریم کورٹ اور فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں، ہم مریم، حسن اورحسین کا نام سامنے نہیں لائے، جرمن اخبار بار بار کہہ رہا ہے مریم نواز فلیٹس کی مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں جب کہ جے آئی ٹی کا مطلب سپریم کورٹ ہے۔ عمران خان نے اسحٰق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جمائمہ کا نام لیتے ہوئے انہیں شرم آنی چاہیے، 21 سال کی عمر میں جمائمہ مسلمان ہو کر پاکستان آئی، پہلے اسے یہودی لابی قرار دیا پھر ٹائلیں اسمگل کرنے کا الزام لگا دیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں میرے خلاف سیاسی بنیاد پر کیس چل رہا ہے، اگر میں نے پاکستانیوں سے پیسہ لے کر فارن فنڈنگ لی تو ہر سال تارکین وطن سے بھی 20 ارب ڈالر نہ لیں۔
ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے انکشافات، کتاب لکھنے کی ٹائمنگ قابل غور ہے، پاکستانیوں کو قتل کرنے والے کو ملک سے جانے دینا غلط تھا۔