پاکستان کا جماعت الاحرار کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا خیرمقدم
سلام آباد: پاکستان نے جماعت الاحرار کو عالمی دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کا نام ان اداروں اور افراد کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی جن کے اثاثے منجمد ، ان پر ہتھیاروں کی نقل وحرکت اور سفری پابندیاں عائد ہیں۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے جماعت الاحرار کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل نے پاکستان کی سفارش پر جماعت الاحرار پر پابندیاں عائد کیں اور تنظیم کے اکاؤنٹ منجمد کردیے ہیں۔
واضح رہے جماعت الاحرار ننگرہار افغانستان سے چلائی جارہی ہے اور یہ تنظیم پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث ہے جب کہ پاکستان نے گزشتہ سال جماعت الاحرار کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا اور اقوام متحدہ میں بھی اس تنظیم کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔