وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، شیخ رشید
اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، نوازشریف قدرت کی طرف سے ایسے فیصلے کرنے جا رہے ہیں جن میں ان کا اپنا نقصان ہے، وزیراعظم نوازشریف اسحاق ڈار، چوہدری نثار اور شہباز شریف پر اعتماد نہیں کر رہے۔ ہفتہ کو وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہان کا گیم ختم اور کیس اوور ہو چکا ہے، یہ سب ٹوپی ڈرامہ کر رہے ہیں، انکے کاغذات جعلی ہیں، جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی جو دو دن بعد ختم ہو جائے گی مگر یہ لوگ فیصلے سے پہلے ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں مگر ہمیں سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ قبول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف قدرت کی طرف سے ایسے فیصلے کرنے جا رہے ہیں جن میں ان کا اپنا نقصان ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس کے بعد شریف خاندان پر مسترد کا ٹھپہ دیکھ رہا ہوں، محمد زبیر گورنر ہاؤس سندھ میں میڈیا سیل چلا رہے ہیں، انہوں نے میڈیا سیل میں 34 افراد بھرتی کئے ہیں، وزراء کی پریس کانفرنس کھسیانی بلی کھمبہ نوچے کے مترادف ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ تصویر لیک ہوگئی تو کونسی قیامت آگئی، طارق شفیع کو بڑے میاں ساتھ لیکر گئے تھے، اس وقت وزیراعظم نوازشریف اسحاق ڈار، چوہدری نثار اور شہباز شریف پر اعتماد نہیں کر رہے۔