اسلام آباد

بہترہے نوازشریف اپنی مرضی سے گھرچلے جائیں، اسد عمر

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمرکا کہنا ہے کہ نوازشریف کوگھرتوجانا ہے اپنی مرضی سے چلے جائیں تو بہتر ہے اور 15 ماہ قبل ہی عہدہ چھوڑ دیتے تو آج ان کے خاندان کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کو ٹھوس ثبوت فراہم کیے، دفاع میں پیش کردہ دستاویزات جعلی نکلیں، نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، ڈار صاحب کے حدیبیہ پیپرملز کیس میں دیا گیا حلفیہ بیان جے آئی ٹی میں سچا ثابت ہوا، جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ڈارصاحب نے اپنے بیان میں سچ بولا تھا اور جے آئی ٹی میں پیشی والے دن انہوں نے کہا کہ میں نے وکیلوں کے مشورے کے بعد بیان ریکارڈ کرایا ہے۔
اسد عمرنے مزید کہا کہ ڈارصاحب نے جے آئی ٹی رپورٹ کے شواہد پر بات کیوں نہیں کی، جے آئی ٹی رپورٹ کے ٹھوس ثبوتوں پر انہوں نے اپنے سمدھی کے لئے ایک بات بھی نہیں کہی، انہوں نے جے آئی ٹی میں ثبوتوں کا جواب کیوں نہیں دیا۔  اسد عمر نے اسحق ڈار کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے عمران خان کی باتیں کرکرکے قوم کے سامنے ان کی عزت بڑھا دی، اسحاق ڈارنے بتایا غریبوں کےعلاج کیلیےعمران خان ان کے دروازے پر بیٹھے رہے جب کہ عمران خان اپنے لیے نہیں غریب پاکستانیوں کیلیے آپ کے دفترمیں بیٹھتےتھے۔
چیئرمین ایس ای سی پی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ڈار صاحب آپ نے اپنے دوست کو ایس ای سی پی کا چیرمین لگایا، عدالت نے چیئرمین ایس ای سی پی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے، اب کیا ایسا شخص جس کے خلاف ایف آئی آرکٹی ہوئی ہے اس کو ایس ای سی پی کا چیئرمین ہونا چاہئے یا اسحاق ڈار کا بھی وزیرخزانہ بنے رہنے کا جواز ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کو ایک سے زیادہ دفعہ موقع دیا گیا،  فیصلہ میں نے یا نواز شریف نے نہیں سپریم کورٹ نے کرنا ہے، اگر وزیراعظم 15 ماہ پہلے استعفی دے دیتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، وزیراعظم نے قوم سے کہا اگرتحقیقات میں میرا نام آیا تو گھر چلا جاوں گا اورانہیں گھر تو جانا ہے اپنی مرضی سے چلے جائیں تو بہتر ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے کہا کہ نوازشریف اورشہبازشریف کی یاد داشتیں کمزورہوچکی ہیں، جال اب وزیراعظم کےگردپھیل گیا ہے، انہوں نے پاکستان کے تمام اداروں کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جے آئی ٹی میں شہبازشریف کے بیان نے توکمال ہی کردیا، وزیراعظم کی کوئی بات نہیں سنے گا ان کی حکومت کرنے کی اہلیت ختم ہوگئی ہے جب کہ ساری اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
شفقت محمود نے مزید کہا کہ ساری قوم اب اکٹھی ہو رہی ہے، اب یہ سازش پاکستان سے بڑھ کر بین الااقوامی سازش بن گئی، جے آئی ٹی نے رپورٹ میں لکھا یہ جواب دینے سے کتراتے تھے، انہوں نے جے آئی ٹی کو دھمکیاں دیں لیکن جے آئی ٹی ممبران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close