وزیراعظم کے ہاتھ صاف ہیں، انکے خاندان نے بھی کوئی غلط کام نہیں کیا، احسن اقبال
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگرہم بددیانت ہوتے تواربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سی پیک کے ذریعے نہ آتی اور ملک کے خزانے نہ بھرتے، ہم نے شفافیت کے حوالے سے 9 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، وزیراعظم کے ہاتھ صاف ہیں اور انکے خاندان نے کوئی غلط کام نہیں کیا، نوازشریف کے تینوں ادوار میں کوئی بے ضابطگی کا کیس نہیں بنایا جاسکا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ہم خیال لوگ حکومت کو ناکام کرنیکی کوشش کررہے ہیں ، پی ٹی آئی کی ہم خیال جماعتوں نے ملک میں سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی ہے،عمران خان 2013 کے الیکشن کا صدمہ فراموش نہیں کرسکے ،عمران خان تو 2014 سے انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ کابینہ نے وزیراعظم نوازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، جے آئی ٹی رپورٹ سیاسی ایجنڈے پر لکھی گئی ہے ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چودھری نثار نے وزیراعظم سے اپنے تعلق پر فخر کا اظہار کیا،انہوں نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ میری وفاداری میرا سرمایہ ہے، چودھری نثار علی خان آج کابینہ اجلاس میں موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان،فاٹا اور چاروں صوبوں کے عوام میں نوازشریف مقبول لیڈر ہیں، ن لیگ کے ساتھ عوام کی تائید ہے،کوئی گھبرانے کی بات نہیں، تمام اجلاس معمول کے مطابق ہوں گے، کابینہ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزراء اور ن لیگ وزیراعظم کے ساتھ ہیں،ہم اس سیاسی سازش کا مقابلہ کریں گے ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف بہت بڑی جنگ لڑرہا ہے اور ہمیں اسے منطقی انجام تک پہنچانا ہے ، دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع نہیں دینا ورنہ دہشت گردی کے خلاف لگایا گیا قوم کا اربوں روپے ضائع ہو جائے گا ۔