اسلام آباد

نواز شریف سازش کرنے والوں کا نام بتائیں جمہوریت کو ہم بچالیں گے، قمر زمان کائرہ

اسلام آ باد:پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ میاں صاحب قوم کو سامنے آکر بتائیں ان کے خلاف کون سازشیں کررہا ہے کیوں کہ ہمیں کوئی سازش نظر نہیں آرہی اور اگر سازش ہے تو پیپلزپارٹی اس کے خلاف کھڑی ہوکر جمہوریت کو بچالے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف باہر مت دیکھیں بلکہ اپنی صفوں میں برادران یوسف ڈھونڈیں کیونکہ آج کل بہت سے وزرا امید لگائے بیٹھے ہیں، 1970 میں 10 مرلے کی بھٹی سے اربوں ڈالر کا سرمایہ کیسے ہوگیا، اربوں کی جائیدادیں نکلیں، بچے بادشاہ بن جائے اورآپ کہیں کہ سازش ہورہی ہے۔ میاں صاحب قوم کو سامنے آکر بتائیں ان کے خلاف کون سازشیں کررہا ہے کیوں کہ ہمیں کہیں کوئی سازش نظر نہیں آرہی، اگر سازش ہے تو پیپلزپارٹی اس کے خلاف کھڑی ہوگی اور ہم جمہوریت کو بچالیں گے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کو گالیاں دینے سے کام نہیں چلے گا، رپورٹ کو ثبوتوں کے ساتھ مسترد کریں اور اب بھی وقت ہے کہ استعفیٰ دے دیں، گھٹ گھٹ کر مرنے سے بہتر ہے قوم کو راز بتادیں، نواز شریف بتادیں کہ ضیا الحق نے وہ کون سے راز آپ کو بتائے تھے، سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کا راز، مودی سے دوستی کا راز، اسامہ بن لادن سے پیسا لے کر جمہوری حکومت گرانے کی کوشش کا راز، پیسوں سے بھرے بیگ بھیج کر ججوں کے خلاف کرائے گئے فیصلوں کا راز، ایل این جی کی ڈیل اور بادشاہوں سےدوستی کا راز کھول دیں۔ میاں صاحب کواربوں روپے کے تحفے ملتے ہیں لیکن جب وہ  پھنس جاتے ہیں تو مظلومیت کا رونا شروع کردیتے ہیں۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آپ کی حکومت ختم ہونے پر پیپلزپارٹی اور بی بی نے آپ کے لیے جدوجہد کی لیکن آپ رات کے اندھیرے میں سیاسی جماعتوں کو دغا دے کر چلے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب مشرف نے آپ کو نکالا تو آپ نے دومرتبہ واپس آنے کی کوشش کی مگر بی بی شہید واپس آئیں تو آپ کے آنے کے راستے کھلے، آپ کو تو پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا لیکن میاں صاحب نے بی بی شہید کے خلاف سازشیں کیں جب کہ بی بی نے کہا تھا کہ وقت آئیگا جب نوازشریف مجھے اور میرے والد کو یاد کرکے روئے گا، دیکھ لیں آج آپ کو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو یاد آرہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close