اسلام آباد

نواز شریف کو مودی اور ٹرمپ سمیت کوئی نہیں بچا سکتا، عمران خان

اسلام آباد: چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے وہ کام کیا کہ جو ہم کبھی تصور بھی نہیں کر سکتے تھے اور مجھے خود بھی اس کام کی امید نہیں تھی جبکہ شریف مافیا نے انصاف کا راستہ روکا تو کارکنوں کو باہر نکلنے کی کال دوں گا۔ اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ چند دنوں بعد یا تو خوشیاں منانے کے لیے دعوت دوں گا یا پھر انصاف کا راستہ روکنے پر انصاف قائم کرنے کے لیے دعوت دوں گا، کارکنوں کو نظر آرہا ہے کہ تبدیلی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ پاکستان کے سیاسی مافیا کے خلاف تھا، جے آئی ٹی 60 دنوں میں وہ ثبوت سامنے لائی جس میں کوئی شک نہیں رہا جبکہ پاناما لیکس کیس میں مسلم لیگ (ن) نے عدالت کے سامنے جھوٹ بولا لیکن اب اس کو سازش کہہ رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ اس کو سازش اس لیے کہہ رہی ہے کیونکہ کہ 30 سال سے جو بھی ان پر مقدمہ آیا انہوں نے سنبھال لیا، کسی کو پیسے کھلا دیئے تو کسی کو ڈرایا اور رشوت دی، انہوں نے ججز کو پیسے کھلائے اور سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کروایا جب بھی شریف خاندان کے خلاف کچھ بھی ہو یا انہیں انصاف کے نیچے لانے کی کوشش کریں یہ اس کو سازش کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا جو ان کی چوری چھپاتا یا قانون توڑتا ہے تو وہ ٹھیک ہے لیکن جو ان کے خلاف کھڑا ہو وہ سازش ہے تاہم سازش یہ ہے کہ شریف خاندان اپنے ذاتی مفاد کو بچانے کے لیے پاکستان کو تباہ کر رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک بمباری سے نہیں بلکہ ادارے تباہ کرنے سے تباہ ہوتا ہے، یہ ملک کے غدار ہیں، ان سے بڑی غداری کسی نے نہیں کی، یہ پیسے چوری کرکے ملک سے باہر لیکر جا رہے ہیں جبکہ جے آئی ٹی نے وہ کام کیا کہ جو ہم کبھی تصور بھی نہیں کر سکتے تھے، اس کام کی مجھے بھی امید نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جواب دینے کے بجائے کہہ رہے ہیں کہ جمہویت کے خلاف سازش ہو رہی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یہودی اور بھارتی ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے بعد 2 اداروں پر حملہ کرنا ہے، انہوں نے سپریم کورٹ اور فوج پر حملہ کرنا ہے کیونکہ ملک کے دیگر ادارے یہ پہلے ہی تباہ کرچکے ہیں جبکہ جے آئی ٹی اس وجہ سے کامیاب ہو گئی کیونکہ سپریم کورٹ اس کے اوپر تھا۔ عمران خان نے کہا کہ اگر نواز شریف کا خیال ہے کہ وہ صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے سپریم کورٹ اور فوج کو تباہ کریں گے تو نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، میں وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنی عوام نہیں نکلی جتنی اب انہیں ملک سے نکالنے کے لیے سڑکوں پر نکلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور اب یہ جدہ نہیں بلکہ اڈیالہ جیل جائیں گے جب کہ اب انہیں نہ نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کوئی بھی ملک نہیں بچا سکتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close