عمران خان میں صلاحیت ہی نہیں کہ وہ کسی کو مجبور کرسکے
اسلام آباد: ادارے خاموش بیٹھ جائیں تو کوئی بحران نہیں ، میں بھی فوج، عدلیہ اور جنرلز کو بھی نیوٹرلز دیکھنا چاہتا ہوں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ سیاستدانوں اور پارلیمنٹ کو کام کرنے دیا جائے، روز روز کی مداخلتیں ملکی نظام کو معطل کر دیتی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ادارے خاموش بیٹھ جائیں تو کوئی بحران نہیں، عمران خان ہمارے لیے چٹکی بھی نہیں، انہیں بلا بنا کر پیش نہ کیا جائے۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم عمران خان کی اوقات جانتے ہیں، وہ ہمیں جانتا ہے، ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کو بحران میں کون مبتلا کر رہا ہے کھل کر بات کرنی چاہیے، حکومت کو کہا جاتا ہے کہ ہدایات پر چلنا ہے، ورنہ بحران پیدا کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیراعظم اور شہباز شریف تین مرتبہ وزیر اعلیٰ رہے ہیں، ن لیگ کے لوگ وزیر رہ چکے ہیں، سب معززین ہیں، ایک ایک کو پکڑ کر جیل میں ڈالا، گالیاں دیں، بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔
فضل الرحمان نے کہا کہ اس کی حکومت میں جو گھپلے ہوئے اس پر ہم کیوں خاموش ہیں، ان گھپلوں پر ہم کیوں خاموش ہیں یہ میری اپنی حکومت سے شکایت ہے، عمران خان میں صلاحیت ہی نہیں کہ وہ کسی کو مجبور کرسکے، عمران خان اتنی بڑی سیاسی قوت نہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اس کی کسی دھمکی کو بنیاد بنا کر پر کو پرندہ بنانا مشکل بات نہیں، میں بھی فوج، عدلیہ اور جنرلز کو بھی نیوٹرلز دیکھنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نہ ’سافٹ مداخلت‘ اور نہ ’ہارڈ مداخلت‘ تسلیم کرتے ہیں، ہمیں آئین کے مطابق اپنا کام کرنے دیا جائے۔
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ جو چیز ان کے لیے ٹھیک تھی، آج وہی چیز ہمارے لیے گناہ بن گئی ہے، سیاستدانوں اور پارلیمنٹ کو کام کرنے دیا جائے، روز روز کی مداخلتیں ملکی نظام کو معطل کر دیتی ہیں۔