گارنٹی سے کہتا ہوں عوام جے آئی ٹی اور تحریک انصاف کے احتساب کو نہیں مانیں گے، استعفیٰ مانگنے والوں کو شرم آنی چاہیئے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی اور تحریک انصاف کو بتا نا چاہتا ہوں اس احتساب کو کوئی نہیں مانے گا ،یہ احتساب نہیں بلکہ استحصال ہو رہا ہے ،میں گارنٹی سے کہتا ہوں اس احتساب کو پاکستان میں کوئی بھی نہیں مانے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ہر روز صبح اٹھ کر نواز شریف سے استعفے کی بھیک مانگنے والوں کو شرم آنی چاہیے ،کیا نواز شریف تمہارے ووٹوں سے وزیر اعظم بنا ہے جو استعفے کی بھیک مانگتے ہو ؟۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف نے کونسے ٹھیکے میں کمیشن رکھی یا کونسی کرپشن کی ؟جھوٹے الزامات برداشت نہیں کر سکتا ،اس طرح کے بے ہودہ الزامات لگائے جا رہے ہیں ،ہر انسان کو اپنی عزت پیاری ہوتی ہے ،مجھے بھی اپنی عزت پیاری ہے ،اگر کوئی مجھ پر الزامات لگاتا ہے تو وہ پہلے اپنا منہ دیکھ کر آئے۔
لواری ٹنل کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج کل پاناما کا بورڈ لگا کر سرکس کی جا رہی ہے ،یہ بورڈ تبدیل ہوتے رہتے ہیں ،سرکس کرنے والے کہتے ہیں نواز شریف استعفیٰ دے دو ،کیا نواز شریف تمہارے ووٹوں سے وزیر اعظم بنا ہے جو استعفیٰ دے ،ایسا مطالبہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے ،یہ کھیل تماشے بہت ہو چکے ،یہ سرکس اور دھرنے بہت لگ چکے ،عوام نے پہلے 2002،2008اور پھر 2013میں تہیں ٹھکرایا اور اب 2018میں ایک بار پھر ٹھکرائیں گے ۔انہوں نے کہا جو حکومت میں آنے سے پہلے روز کہتے تھے کہ نیا پاکستان بنائے گے،لوگوں نے انہیں خیبر پختونخواہ دیا لیکن وہ بھی نیا نہیں بنا رہے ۔انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل بھی مسلم لیگ بنا رہی ہے ،آج جگہ جگہ بجلی کے پلانٹس ہم لگا رہے ہیں ،چترال میں خواتین کی یونیورسٹی ہم بنائیں گے ،خیبر پختونخواہ میں سڑکیں ہم بنارہے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ چیئر مین نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے کہہ دیا ہے کہ چکدرہ سے چترال تک موٹروے کی طرز پر سڑک بننی چاہیے ،صرف لواری ٹنل سے کام نہیں چلے گا ۔انہوں نے کہا کہ چترال کو لاہور ،کراچی اور اسلام آباد جیسا بنائیںگے ۔لواری ٹنل کو بنانے کا اعلان 1974میںہوا لیکن کاغذ وں پر ،اس کی تکمیل کا کام مسلم لیگ ن نے کیا ۔اس ٹنل سے پہلے سردیوں میں چترال کا رابطہ پاکستان سے کٹ جاتا تھااور اس موسم میں یہاں آنا موت کو آواز دینے کی بات تھی۔اگر 1974میں اس پر کام شروع ہو جاتا تو اتنی اموات نہ ہوتیں ۔انہوں نے کہا کہ آج لواری ٹنل 98فیصد مکمل ہو چکی ہے اور ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے ۔نواز شریف نے کہا کہ 2013میں جب حکومت میں آئے تو اس وقت لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی بہت زیادہ تھی اور دنیا پاکستان کو ناکام ریاست قرار دے رہی تھی ۔ان حالات میں کام شروع کیا توآج لوڈ شیڈنگ بھی ختم ہو گئی اور دہشت گردی بھی اور سڑکوں کا جال بھی بچھایا جا رہاہے ۔