شریف خاندان تاثر دے رہا ہے کہ میرا اور ان کا کیس ایک ہے، عمران خان
اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان تاثر دے رہا ہے کہ میرا اور ان کا کیس ایک ہے تاہم نوازشریف کے کیس میں منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری ہوئی جبکہ میں نے باہر سے پیسا کمایا اور پاکستان لایا۔ بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کا اخبار پڑھا ایسے لگا کہ عمران خان کی منی ٹریل نہیں ملی، یہ تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ میرا اور شریف خاندان کا کیس ایک ہے اور باقی بھی شریف خاندان کی طرح چور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے کیس میں منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری ہوئی، عدالت میں شریف خاندان نے جھوٹ بولا جبکہ میں نے باہر سے پیسا کمایا اور پاکستان لایا۔
عمران خان نے کہا کہ بنی گالہ کی اراضی کا ریکارڈ ہے جبکہ عوام خیرات دیتی ہے کیونکہ وہ مجھے امانت دار سمجھتی ہے، میں عوام کے سامنے خود کو پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگا کہ لندن کے فلیٹ کا پیسہ کیسے آیا، بنی گالا اراضی کی منی ٹریل جمائما کے اکاؤنٹ کی صورت میں موجود ہے جب کہ لندن کا فلیٹ کس پیسہ سے خریدا اس کی دستاویزات بھی دے دیں۔ عمران خان نے کہا کہ کیری پیکر کا خط بھی پیش کیا کہ کیسے پیسہ آیا لیکن ایک اخبار نے لکھا کہ قطری خط ہے، اسٹن رابرٹ آج بھی زندہ ہے جس نے کئی کرکٹر سے معاہدے کیے جبکہ سیسکس کلب کے ساتھ بھی کرکٹ کھیلی اس کا معاہدہ بھی ہے، مشتاق احمد کو 70 ہزار پاؤنڈ ملتا تھا، مجھے کتنا ملتا ہو گا خود اندازہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ بینیفٹ کی مد میں ایک سال میں ملا، میرے ٹیکس سے متعلق چیک کرنا ہے تو میں خود لیٹر دوں گا، حسین نواز تو ڈیڈ بھی نہ دکھا سکے، میں نے مورٹگیج دکھا دی۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میرا کوئی روپیہ باہر نہیں نہ ہی کچھ بے نامی ہے لیکن نواز شریف اور ان کے بچوں کی اربوں کی پراپرٹی ہے، میرا فلیٹ 1984ء میں 60 لاکھ کا تھا جبکہ مریم نواز چار محلات کی مالکہ نکلیں، نواز شریف ایف زیڈ ای کمپنی کے چیئرمین نکلے، شوکت خانم کے اکاونٹ میں جو غلط ہے عدالت لائیں، شریف خاندان نے جعل سازی کی اور عدالت میں جاکر جھوٹ بولا تاہم قوم فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کی بھی باری آئے گی جبکہ خواجہ آصف کو ڈر ہے کہ ان کی باری بھی آنی ہے تاہم یہ وہ لوگ ہیں جن کو ہڈیاں ملتی ہیں، یہ ادھر سے بھی کھاتے ہیں ادھر سے بھی جب کہ جو لوگ نواز شریف کی حمایت میں نکل رہے ہیں وہ بھی مجرم ہیں۔