اسلام آباد

سرکاری حج اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن شروع ہو گیا ہے اور پہلی حج پرواز 300 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور ممبر قومی اسمبلی سید عمران شاہ نے عازمین کو رخصت کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا تھا کہ عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں اس لئے دوران حج نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں اور کوئی بھی ممنوعہ شے اپنے ساتھ لے کر نہ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے حجاج کرام کی سہولت کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور عازمین کو پہلے کی نسبت زیادہ سہولیات میسر ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منیٰ میں حکومت دو وقت کا کھانا فراہم کرے گی جبکہ مدینہ میں پیرا میڈکس اور خدام حجاج کی خدمت کے لئے موجود ہوں گے، عازمین مدینہ میں قائم شکایت سیل سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عازمین کے لئے حج کو سہل بنانے کے بھرپور اقدامات کئے ہیں لہذا حجاج کرام پاکستان اور قوم کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close