ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس، ظفر حجازی کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد: ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں معطل چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو مزید 3 روز جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں معطل چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کے سینئر سول جج محمد شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے موقع پر ایف آئی اے نے ظفرحجازی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر وکیل ظفر حجازی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل 2دن اسپتال میں تھے اور 2 دن ایف آئی اے کے پاس ہی تھے تاہم مزید ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے ظفر حجازی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں 29جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کے حکم پر چیرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جب کہ درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد ایف آئی اے نے انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا تھا۔