اسلام آباد
پانامہ کیس، چار ہزار اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے
اسلام آباد: پانامہ کیس فیصلہ کے تناظر میں ریڈ زون سمیت اسلام آباد کی اہم شاہراؤں پر ہائی الرٹ ہوگا۔ شہر کے ہر داخلی پوائنٹ پر پولیس کے ہمراہ رینجرز کے اہلکار تعینات ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق، ایس ایس پی، اے آئی جی اسپیشل برانچ اور رینجرز کے حکام نے مشترکہ اجلاس کیا جس میں پانامہ کیس کے فیصلے موقع پر سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ تین ہزار اہلکار آپریشنز اور ایک ہزار سیکورٹی ڈویژن سے اہلکار تعینات ہونگے، شہر کی تمام اہم شاہراؤں پر پولیس اور رینجرز تعینات ہوگی جبکہ فیض آباد، بارہ کہو، ترنول اور دیگر داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائی گی۔ ریڈ زون میں پولیس کے ہمراہ انتظامیہ کے افسران بھی تعینات ہوں گے۔