وزیراعظم کی نا اہلی سے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی نا اہلی سے نئے دور کا آغاز ہوا ہے جب کہ آج پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ جمہوری ملک ہے۔ سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج یہ ورلڈکپ عمران خان کی قیادت میں جیتا گیا، وزیراعظم کی نا اہلی سے نئے دور کا آغاز ہوا ہے جب کہ آج پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ جمہوری ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ایک وزیراعظم کا کڑا احتساب کیا، آج کا دن پاکستان اور تحریک انصاف کی فتح کا دن ہے جب کہ شریف فیملی کے اوپر 9 ریفرنسر دائر ہوں گے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کے بزنس کرپشن کو چھپانے کا پردہ تھا، شریف فیملی اپنی ذرائع آمدنی نہیں بتاسکی، اربوں روپے کا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا جب کہ 60 دنوں کے احتساب میں 60 سالوں کی کرپشن نکلی اورجیسے جیسے کیس چلتارہا ویسے ویسے یہ لوگ بے نقاب ہوتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاناماکیس کے بعداگلا معاملہ اقامہ کا ہے، خواجہ آصف ملک سے باہرچلے گئے ہیں لیکن یہ کہیں بھی چلے جائیں ہم انہیں پاتال سے بھی لائیں گے، تحریک انصاف کا نوازشریف سے ذاتی جھگڑا نہیں تاہم اپوزیشن کا فرض ہے کہ وہ حکومت پر نظر رکھے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوریت آگے بڑھی ہے، پاکستان کو اب سیاسی طور پربھی آگے بڑھنا چاہیے، شاید ہی پاکستان میں کسی کو اتنا فیئر ٹرائل ملا ہو، آج ثابت ہوا ہے کہ طاقتور لوگ بھی قانون سے بالا ترنہیں ہیں جب کہ آج عمران خان کی جدو جہد کامیاب ہوگی۔