وفاقی کابینہ نے عہدوں کا حلف اٹھالیا
اسلام آباد: ایوان صدرمیں نئی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں صدرمملکت ممنون حسین نے وفاقی کابینہ سے عہدوں کا حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق نوازشریف کی کابینہ میں 20 وفاقی وزرااور9 وزیرمملکت تھے لیکن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کےارکان کی تعداد 47 ہے جن میں 28 وفاقی وزرا اور 19 وزیر مملکت ہیں لیکن ان میں سے 4 ارکان حلف نہیں لے سکے، گزشتہ کابینہ کے انتہائی موثر ترین وزیرچوہدری نثار موجودہ کابینہ میں شامل نہیں، موجودہ کابینہ میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وزرا کی تعداد 8 ہے جن میں سے 3 مسلم لیگ ( ن ) کی گزشتہ کابینہ میں بھی شامل تھے۔
نئی کابینہ کی تشکیل کے ساتھ ہی کئی وزارتوں کو توڑ جب کہ کئی کو یکجا کردیا گیا ہے۔ ٹیکسٹائل کی الگ وزارت ختم کرکےاسے تجارت کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے، پوسٹل سروسز کو مواصلات سے الگ کرکےعلیحدہ وزارت بنا دیا گیا ہے جب کہ وزارت پانی و بجلی کو بھی 2 حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ پٹرولیم اور توانائی کو ملا کر نئی وزارت توانائی بنادی گئی ہے۔
خواجہ آصف وزیرخارجہ، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، خرم دستگیر وزیردفاع ، احسن اقبال وزیرداخلہ، خواجہ سعد رفیق وزیر ریلوے، مشاہد اللہ خان وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی، سردار محمد یوسف وفاقی وزیر مذہبی اُمور، سینیٹر صلاح الدین ترمذی اینٹی نارکوٹکس کے وفاقی وزیر، سید جاوید علی شاہ وفاقی وزیر برائے آبی ذرائع، عبدالقادر بلوچ وزیرسیفران جب کہ پچھلی حکومت کے 2 وزرائے مملکت سائرہ افضل تارڑ اور میاں بلیغ الرحمان کو وفاقی وزیربناتے ہوئے صحت اور تعلیم کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگروفاقی وزرا میں رانا تنویر، سکندرحیات بوسن، پیرصدرالدین، شیخ آفتاب ، کامران مائیکل، مرتضیٰ جتوئی، ریاض پیرزادہ، برجیس طاہر، زاہد حامد اور حاصل بزنجو شامل ہیں۔ پلاننگ ڈویژن وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کےماتحت رہے گا۔
پٹرولیم اور توانائی کو ملا کر نئی وزارت توانائی بنادی گئی ہے جس کے انچارج وزیر مملکت عابد شیرعلی مقررکئے گئے ہیں۔ طلال چوہدری وزیر مملکت برائے داخلہ، مریم اورنگزیب انچارج وزیر مملکت برائے اطلاعات مقرر ہوگئیں۔ پرویزملک وزیرمملکت برائے تجارت، طارق فضل چوہدری وزیرمملکت کیڈ، دانیال عزیز وزیرمملکت برائے امور کشمیرجب کہ عثمان ابراہیم وزیرمملکت برائے قانون مقرر ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ انوشہ رحمان ، جام کمال، پیر امین الحسنات، جنید انور چوہدری، محسن شاہ نوازرانجھا اورعبدالرحمان کانجو بھی وزیر مملکت بن گئے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرممتاز تارڑ تاخیر سے تقریب میں پہنچے ، جس کی وجہ سے وہ حلف نہ اٹھاسکے، ایاز شیرازی اور دوستین خان ڈومکی بھی شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے تقریب میں نہ پہنچ سکے جب کہ دانیال عزیز نے وفاقی وزیر نہ بننے پر وزیر مملکت کا حلف اٹھانے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاقی کابینہ زیادہ سے زیادہ 49 وزرا پر مشتمل ہوسکتی ہے۔