اسلام آباد

لیڈر باپ کی جگہ ہوتا ہے عمران خان اپنے اندر کا الہڑ پن ختم کریں، سعد رفیق

اسلام آباد: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنے اندر کا لڑکپن اور الہڑ پن ختم کریں کیونکہ لیڈر باپ کی جگہ ہوتا ہے جب کہ عمران خان کو خود تحقیقات کے لیے پیش کردینا چاہیے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی ایک باوقار خاتون کے طور پر جانی جاتی ہیں، اس سے زیادہ ہم انہیں نہیں جانتے، امیر مقام  کے ٹیلیفون کا افسانہ بنایا گیا جب کہ کسی نے عائشہ گلالئی کو مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کی دعوت نہیں دی لہذا یہ پراپیگنڈا بند کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر وقت کہتے ہیں کہ عدالت میں آؤ، استعفیٰ دو لیکن اتنے سنگین الزمات کے بعد انہیں پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دے دینا چاہیے اور خو کو تحقیقات کے لیے پیش کردینا چاہیے، اگر آپ بے گناہ ہیں تو بے گناہی ثابت کریں اور اگر الزام درست ہے تو سزا ملنی چاہیئے، لیڈر باپ کی جگہ ہوتا ہے جب کہ عمران خان اپنے اندر کا لڑکپن اور الہڑپن ختم کریں۔

سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے اس پر پارٹی نے نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کے نامور قانون دان اور سابق صدور سپریم کورٹ بار سوال اٹھارہے ہیں، عدلیہ کی آزادی کا مطلب صرف عدالت عظمیٰ کی آزادی نہیں بلکہ نچلے درجے کی عدالتوں کی بھی آزادی ہے جب کہ احتساب عدالت پر عدالت عظمیٰ کے فاضل جج ہوں گے تو وہ کیسے آزادانہ احتساب ہوگا جب کہ یہ سوال ہم نے نہیں اٹھائے ہیں، ملک کے ممتاز قانون دان اس پر سوال اٹھارہے ہیں لہذا عدالت عظمیٰ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) نواز شریف کی قیادت میں اپنا سفر جاری رکھے گی، نواز شریف میدان سیاست میں پہلے سے زیادہ بڑا کردار اداکریں گے اور جو مشکل ہم پر آئی ہے کامیابی کا سورج اس کے اندر سے ضرور طلوع ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close