پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لیے پر عزم ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لیے پر عزم ہے تاہم ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پرمکمل اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کے عالمی معاہدے سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے پاک دنیا کے لیے پر عزم ہے تاہم ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پرمکمل اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے لیے جنیوا میں تخفیف اسلحہ کانفرنس انتہائی مناسب فورم ہے اور ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کا نتیجہ خیز، غیر امتیازی، اور قابل تصدیق معاہدہ ضروری ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ معاہدے میں ہر ریاست کی دفاعی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، معاہدہ کسی عالمی قانون کے تحت کسی ریاست پرلازم نہیں جب کہ ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق 2017 کا معاہدہ بنیادی شرائط پرپورانہیں اترتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے معاہدے کی شقوں پرعملدرآمد کا پابند نہیں، پاکستان نے اسی وجہ سے معاہدے کی حمایت نہیں کی اور نہ مذاکرات کاحصہ بنا جب کہ معاہدہ اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے اور نہ اصل مقاصد پورے کرتا ہے۔