آپ دوسروں کو چور کہتے ہیں جبکہ خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں
اسلام آباد : عمران خان احتساب کا نظام ایسا چاہتے ہیں، جس میں ان کے علاوہ سب جوابدہ ہوں
سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ قوم نے بھاری قیمت کسی این آر او کی وجہ سے نہیں سابق نااہل اور نالائق حکومت کی وجہ سے چکائی ہے۔ آپ نے چار سال میں تاریخی قرضے لئے۔
انہوں نے کہا کہ 70 سال میں ملک کے مجموعی قرضاجات 24 ہزار ارب روپے تھے۔ آپ نے چار سال میں 18 ہزار ارب سے زائد قرضے لیکر مجموئی قرضوں میں 70 فیصد سے زائد اضافہ کیا۔ آپ نے خیبر پختون خوا میں احتساب عدالت پر تالا لگایا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کے دور میں کرپشن انڈیکس میں پاکستان 117 سے 140 نمبر پر آ گیا۔ آپ کس منہ سے کرپشن کی بات کر رہے؟ ملک پر دن کی روشنی میں ڈاکا تو آپ نے ڈالا۔ بی آر ٹی، ایل این جی، ادویات، آٹا، چینی، بلین ٹری، مالم جبا اور دیگر کا ذمہ دار کون ہے؟
پیپلز پارٹی سینیٹر نے کہا کہ آپ کے نام نہاد بیانیے سے لوگ تنگ آ چکے ہیں۔ آپ دوسروں کو چور کہتے ہیں جبکہ خود کرپٹ اقدامات کی وجہ سے نااہل ہو چکے ہیں۔ آپ احتساب کا ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں آپ کے علاوہ سب جوابدہ ہوں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ لوگ باشعور ہیں، آپ بیانیہ بنا کر ’’کھیلتے‘‘ رہے، لوگ آپ کے ’’کھیل‘‘ میں شریک نہیں ہوں گے۔