اسلام آباد

قومی سلامتی کمیٹی کا دہشتگردی کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں سیاسی وعسکری قیادت نے ملک کی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ اجلاس میں وزیردفاع خرم دستگیر، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں عام شہریوں کو بھارتی افواج کے ہاتھوں نشانہ بنانے اور کشمیریوں کی نسل کشی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مزمت کی گئی۔ قومی سلامتی کی کمیٹی نے قرار دیا کہ علاقائی امن وخوشحالی کا براہ راست تعلق مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔
کمیٹی نے لائن آف کنٹرول پر بھارت افواج کی مسلسل فائرنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے افغانستان میں استحکام اور ترقی کیلئے پاکستان کا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور قرار دیا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کیلئے امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ کمیٹی کے ارکان کا موقف تھا کہ افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان آمد روکنے کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔کمیٹی نے داخلی سلامتی سے متعلق امور، آپریشن ردالفساد اور خیبرفور کا جائزہ لیا اور انکے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمیٹی نے 70ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کے جذبہ اور اتحاد کو قابل تحسین قرار دیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close