پرویز مشرف کی بد روح سیاستدانوں اور اداروں میں موجود ہے جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی: پرویز رشید
اسلام آباد: مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء پرویز رشید نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی بد روح سیاست دانوں اور اداروں میں موجود ہے جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی،میں کسی ایک ادارے کا نام نہیں لیتالیکن افراد نواز شریف کو ہٹانے میں ملوث ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیر اعظم کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا تھا اور اسی سوچ نے یہ سب کیاجبکہ پی ٹی آئی اس سوچ کا مہرہ بنی ،اب ہمیں اس سوچ کامقابلہ کرکے اس کوختم کرناہے۔ ڈان لیکس پرجمہوریت کوبچانے کیلئے میری قربانی دی گئی جبکہ میں نے سیاسی کارکن کاکردارپہلے بھی اداکیااور اب بھی کررہاہوں۔
نجی ٹی وی چینل سما نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماءپرویز رشید کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو ہم نے نہیں بھیجا لیکن ہم اسے روک بھی نہیں سکتے تھے، مشرف کو روکنے کے لئے اداروں نے ساتھ نہیں دیا۔ وزارت داخلہ ہوتے ہوئے بھی ہمارے خلاف فیصلے ہوئے اور ہماری حکومت ہونے کے باوجود بھی ہمارے ساتھ بہت کچھ ہوگیا ہے ۔ میرے وزیر اعظم نوا ز شریف بہت زیادہ صبر سے کام لیتے ہیں ۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس کے معاملے پر جمہوریت کو بچانے کے لئے میری قربانی دی گئی۔