امریکی سفیر کی وزیر خارجہ خواجہ آصف سے ملاقات، افغان پالیسی پر بریفنگ
وزیر خارجہ خواجہ آصف سے منگل کو یہاں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی اور انہیں افغانستان و جنوبی ایشیاءسے متعلق امریکی پالیسی کے بارے میں صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان پر بریف کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکی سفیر نے وزیر خارجہ کو بتایا کہ امریکی سیکرٹری خارجہ ریکس ٹیلرسن اگلے چند دنوں میں آپ سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور جنوبی ایشیاءسے متعلق نئی امریکی پالیسی پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ ٹیلرسن نے 14 اگست کو ٹیلی فون کیا تھا اور مجھے دورہ واشنگٹن کی دعوت دی تھی جو میں نے قبول کی تھی۔ وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کو اجاگر کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت پر قابو پانے کیلئے عالمی برادری کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔