امریکی صدر کا بیان حقیقت کے مترادف اور مایوس کن ہے، احسن اقبال
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان حقیقت کے مترادف اور مایوس کن ہے جب کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے کردار ادا کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے جاپان کے سفیر تاکاشی کو رائے نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی جب کہ جاپانی سفیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پاکستان میں امن و امان کے حوالے سے تعریف کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور کاوشوں کو سراہا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورجاپان کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں۔
وزیر داخلہ احسن اقبال سے ترکی کے سفیر بابر گرگن نے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک میں سیکیورٹی سے متعلق تعاون کے امور پر بات چیت ہوئی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ترکی کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے اور دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جنگ میں پاکستان ترکی کیساتھ کھڑا ہے جب کہ ترکی کے ساتھ مل کر ملک میں اقتصادی ترقی کو معروضی بنیادوں پر آگے بڑھائیں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کا حالیہ بیان حقیقت کے مترادف اور مایوس کن ہے، پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر امن کا کردار ادا کر رہا ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں استحکام کو قائم رکھنے کیلئے پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔