پانچ سال میں 5 لاکھ پاکستانی مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہوئے، وزارت داخلہ کی رپورٹ
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران دنیا کے 134 ممالک سے 5 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ اجلاس میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران دنیا کے 134 ممالک سے 5 لاکھ 44 ہزار 105 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ جس میں ایک لاکھ 93 ہزار پاکستانیوں کو اوور سٹے (ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود رہنے) کی وجہ سے بے دخل کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق بیرون ملک سے بلیک لسٹ ہونے پر 5500 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا، 2559 نومولود بچوں کو بے دخل کیا گیا۔ اقامہ نہ ہونے پر 26 پاکستانیوں کو بےدخل کیا گیا، منشیات کے مقدمات پر 98 پاکستانی بے دخل ہوئے، جعلی ویزے پر 162 اور جعلی پاسپورٹ پر 79 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھی 8 پاکستانی بے دخل ہوئے جب کہ منی لانڈرنگ کے جرم میں 6 پاکستانیو کو بیرون ملک سے نکالا گیا۔