ریمنڈ ڈیوس معاملے میں شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، خواجہ آصف
اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کچھ لوگوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے کی، جو قومی عزت کے منافی تھی۔ انہوں نے معاملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے معاملے کی انکوائری کرائی جائے تو ساتھ دوں گا۔ سینیٹ کے اجلاس میں اراکین کی جانب سے بدنام زمانہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کی کتاب سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا گیا، نوٹس اعظم سواتی اور حافظ حمد اللہ کی جانب سے جمع کرایا گیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرانے کے موقع پر حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس نے رہائی میں 4 افراد کے کردار کی نشاندہی کی، چاروں افراد میں سے کسی نے اپنی پوزیشن واضح نہیں کی۔ اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف سے وزارت کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کو کہا۔ سینیٹ کے اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی قومی غیرت کے منافی تھی، ورثاء کو دیت کی رقم بھی پاکستانی حکومت کی جانب سے ادا کی، ایک تو عزت کا سودا کیا گیا اور نقصان امریکی نے کیا اور ان کا نقصان بھی قومی پیسوں سے بھرا گیا۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں مختلف لوگوں نے کردار ادا کیا، جنہوں نے رہائی میں کردار ادا کیا ان کا ذاتی مفاد بھی ہو سکتا ہے، ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے معاملے کی تحقیقات کرائی گئی تو ساتھ دوں گا، تاہم یہ خیال رکھا جائے کہ انکوائری کے واقعات تدارک کیلئے ہوں نہ کہ پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ہوں۔