اسمبلیوں کی مدت چار سال کیجائے، خورشید شاہ کا مطالبہ
اسلام آباد: سلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم میں لمبے عرصے کی حکومت کے لئے برداشت نہیں، اس لیے اسمبلیوں کی مدت 4 سال کی جائے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2014ء میں مطالبہ کیا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت 4 سال مقرر کی جائے اور میرے اس مطالبے پر نواز شریف اور اسحاق ڈار نے بھی اتفاق کیا تھا جو 2014ء میں ہوا تھا، وہ دوبارہ بھی ہو سکتا ہے، اس لئے بہتر ہوگا کہ حکومت اس حوالے سے اقدامات کرے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ میں آج بھی کہتا ہوں کہ ملک اور اداروں کی بہتری کے لئے آئینی اصلاحات میں اسمبلیوں کی مدت 4 سال کی جائے کیوں کہ ہم میں برداشت نہیں ہم لمبے عرصے کی حکومت کو برداشت نہیں کر سکتے۔ ملک میں ہونے والی حالیہ مردم شماری پر اعتراض کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں صرف جان چھڑائی گئی، شماریات ڈویژن اور فوج کے ریکارڈ کا موازنہ کرلیا جائے تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔