خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے سابق وزیر ضیااللہ آفریدی پیپلزپارٹی میں شامل
اسلام آباد: خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر ضیااللہ آفریدی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پاکستان ویوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما، خیبرپختونخوا سے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیرمعدنیات ضیااللہ آفریدی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضیااللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور پیپلزپارٹی کے لیے دن رات کام کروں گا۔ ضیااللہ آفریدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان قائد پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، بلاول بھٹو زرداری اپنی عظیم والدہ کی طرح وفاق کی علامت اور ضمانت ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ضیا اللہ آفریدی کے پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا۔