بھارت کشمیرکی آبادی بدلنے کی کوشش کررہا ہے، ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی آبادی کو بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم نے اقوام متحدہ کو بمع ثبوت خط لکھا دیا ہے اب وادی میں آبادی کے تناسب کی تحقیقات کرنا اقوام متحدہ کی ذمے داری ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ مسئلہ کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان نےکبھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی نہیں کی لیکن بھارت انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مستقل خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے اور اب کشمیر کی آبادی کو بھی بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم نے اقوام متحدہ کوخط لکھا دیا ہے جس میں تمام ثبوت بھی فراہم کئے گئے ہیں اب وادی میں آبادی کے تناسب کی تحقیقات کرنا اقوام متحدہ کی ذمے داری ہے۔
نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر پر ہمارا دو ٹوک مؤقف ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا چاہیے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے انسانی حقوق کی تنظیمیں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اورسوشل میڈیا پر بھی مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے، بھارتی فوج کے پیلٹ گن کا استعمال اور بربریت کو مسلسل بے نقاب کرنا ہوگا کشمیریوں تک پاکستان کی جانب سے مثبت پیغام جانا چاہیے۔