اسلام آباد

پاک امریکہ تعلقات پر ہول کمیٹی کا اجلاس، اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: پاک امریکہ تعلقات اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے بیان پر سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے سفارشات تیار کر لی ہیں۔ وزیر خارجہ کہتے ہیں ستمبر میں امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کو بلایا ہے، مذید معلومات حاصل کرنے کے بعد متفقہ پالیسی تشکیل دیں گے۔ سینیٹ ہول کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیرصدارت ہوا جو بعد میں ان کیمرہ اجلاس تبدیل ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں امریکی صدر کے حالیہ بیان کے بعد بنائی گئی کمیٹی کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ نے مؤقف پیش کیا کہ ستمبر کو امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر کو بلایا ہے، مذید معلومات حاصل ہونے کے بعد پاک امریکہ تعلقات پر متفقہ پالیسی تشکیل دی جائے گی۔

مشاہد حسین سید کا کہنا تھا چھ رکنی کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ وزیر خارجہ امریکا نہ جائیں۔ چین، روس اور دیگر ممالک کا دورہ کیا جائے۔ رضاربانی کا کہنا تھا وزیراعظم کی موجودگی میں تجویز دی تھی ان تجاویز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لایا جائے، قومی اسمبلی اس ڈرافٹ میں تبدیلی کا اختیار نہیں رکھتی۔ جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ قومی اسمبلی آپ کی قرارداد کی منظوری دے سکتی ہے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا ہول کمیٹی کے ڈرافٹ میں دونوں ہاؤسز کی رائے لی جائے جس پر چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ہاوسز کی خودمختاری کا معاملہ بھی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا ہمارے پاس دونوں ایوان ہیں دونوں کی رائے لی جائے، دونوں ہاوسز کی الگ قراردادیں آئیں تو کوئی دقت نہیں۔ میں چاہتا ہوں قومی اسمبلی اس قرار داد کی حمایت کرے۔ خواجہ آصف کا مذید کہنا تھا بدھ کو ہونے والے اجلاس کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوگا، منگل کو ہونے والا قومی اسمبلی کا اجلاس رکن اسمبلی گلزار خان کی وفات کے باعث صرف فاتحہ خوانی کے بعد ملتوی ہو جائے گا۔ چئیرمین سینٹ نے بتایا کہ سینیٹ ہول کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ 3 بجے ہوگا جبکہ سینٹ اجلاس بھی کل کی بجائے پرسوں رکھا جائے گا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close