وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کیلئے شیخ رشید الیکشن کمیشن میں درخواست گزار
اسلام آباد: پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایل این جی سکینڈل کرپشن کا سمندر ہے، شاہد خاقان عباسی مرکزی پارٹنر ہیں، سکینڈل میں ملوث ہونے پر وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو نااہل قرار اور نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ قطر سے سب سے مہنگی ایل این جی خریدی گئی ہے اور قطر معاہدہ چین، بنگلہ دیش اور بھارت سے بھی مہنگا ہے اور اس معاہدے میں 200 ارب کا گھپلا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر لوگ سکینڈل میں ملوث ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ معاہدے کے دستاویزات نہ ملنے کے باعث ریفرنس دائر کرنے میں تاخیر ہوئی، زندگی میں پہلی بار مجھے کیس سے الگ ہونے کا کہا گیا، اگر الیکشن کمیشن نے ریفرنس مسترد کیا تو سپریم کورٹ سے رجوع کروں گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں کیسز کا طوفان آنے والا ہے اور والیم 10 پر کئی ممالک سے جواب آنا شروع ہو گئے، نواز شریف کے بیرون ملک جانے سے سب دستاویزات سامنے آنا شروع ہو گئیں، ایک بینک نیویارک میں نواز شریف کے اکاﺅنٹ کی وجہ سے ڈوب گیا۔