ریاست اور حکومت دیکھ رہی ہے جس طرح عمران کو ریلیف مل رہا ہے
تحریک انصاف اور عدلیہ کا گٹھ جوڑ نظر آرہا ہے
اسلام آباد : ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، لیکن کسی نے اداروں پر حملہ نہیں کیا
وفاقی وزیر شیری رحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ مریم نواز والد سے ملنے گئیں تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا، لیکن کسی نے اداروں پر حملہ نہیں کیا۔ بی بی کی شہادت پر پیپلزپارٹی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ جتھوں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی سینیٹر کا کہنا ہے کہ ریاست اور حکومت دیکھ رہی ہے جس طرح عمران کو ریلیف مل رہا ہے۔ ملک کی ساکھ کو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔ منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انتشار نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ شرپسندوں نے ملک کو مفلوج کرنے کی کوشش کی۔ عمران نیازی خود کو ریاست اور قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔ عمران نیازی کی پشت پناہی کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی پر پی ٹی آئی لیڈر شپ کی طرف سے کوئی مذمت نہیں کی گئی۔ عمران خان کے دور میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت کو جیلوں میں ڈالا گیا۔ پیپلزپارٹی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عدلیہ کا گٹھ جوڑ نظر آرہا ہے۔ ملک میں امن قائم کرنے کیلئے حکومت کو ایکشن لینا پڑ رہا ہے۔